کراچی(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے مختصر اعلامیے میں بتایا ہے کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف کیوریٹر ٹونی ہیمنگ کے عہدے سے استعفیٰ کے وجوہات تاحال نہیں بتائیں۔
ذرائع کے مطابق ٹونی ہیمنگ کے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کےساتھ معاملات طے پا گئے اور وہ بطور بطور ہیڈ کیوریٹر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو جوائن کریں گے، دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کیوریٹر کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 15 جولائی 2024 کو بتایا تھا کہ ٹونی ہیمنگ کو 2 سالہ معاہدے کے تحت نیا ہیڈ کیوریٹر مقرر کیا گیا ہے۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق ٹونی ہیمنگ کی تعیناتی کا مقصد آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 5 میچوں کے لیے پچز تیار کرنا تھا، جن میں سے 2 میچز اگست/ستمبر 2024 میں بنگلادیش کے خلاف اور 3 میچز اکتوبر 2024 میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول تھے۔
اس کے علاوہ ٹونی ہیمنگ نے19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان اور یو اے ای میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی پچز کی تیاری کی نگرانی بھی کی۔
واضح رہے کہ ٹونی ہیمنگ ایک نہایت تجربہ کار کیوریٹر ہیں جنہیں تقریباً 4 دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے کئی مشہور کرکٹ گراؤنڈز پر کام کیا ہے، جن میں میلبورن، پرتھ اور تسمانیہ شامل ہیں، اس کے علاوہ وہ بنگلادیش، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں وہ 2007 سے 2017 تک دبئی میں آئی سی سی کے ہیڈ کیوریٹر رہے۔
آئی سی سی کے ساتھ اپنے دور میں، ہیمنگ نے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پچ کی تیاری کی نگرانی بھی کی، جو 2009 سے 2019 تک پاکستان کا ایک ہوم وینیو رہا۔