دیر بالا (بیورو چیف:محمد رحیم) دیر بالا کے باصلاحیت باکسر عارف خان نے لاہور میں جاری نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جو دیر بالا کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عارف خان نے کوارٹر فائنل کے مقابلے میں اپنے حریف کو شاندار مہارت، برق رفتاری اور مضبوط حکمت عملی سے شکست دی۔ اس کامیابی کے بعد وہ سیمی فائنل میں ملک کے صفِ اول کے باکسرز میں شامل ہو گئے ہیں، جہاں ان سے مزید بہترین کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔
دیر بالا میں کھیلوں کے حلقوں، نوجوانوں اور شائقین نے عارف خان کی اس شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف ضلع بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ مقامی اسپورٹس تنظیموں اور عوام نے ان کی جیت کو کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا اور کہا کہ یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی۔
عارف خان نے اپنی کامیابی کو محنت، کوچز کی رہنمائی اور عوام کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیمی فائنل اور فائنل میں بھی پوری جانفشانی سے کھیل کر ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی کوشش کریں گے