بحرین میں منعقدہ ایشین مینز والی بال نیشنز کپ کا ٹائٹل میزبان ٹیم بحرین نے اپنے نام کر لیا، فائنل میں پاکستان کو 1-3 سیٹس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم قومی ٹیم نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا اور آئندہ سال ہونے والی ایشین چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی بھی کرلیا۔
فائنل میں پاکستان نے پہلا سیٹ 23-25 سے جیت کر برتری حاصل کی، لیکن اس کے بعد بحرین نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے مسلسل تین سیٹس جیت لیے اور مقابلہ اپنے نام کر لیا۔
پاکستان نے گروپ مرحلے میں بہترین پرفارمنس دیتے ہوئے گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم نے فلپائن کو شکست دی جبکہ چائنیز تائپے کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 2-3 سے کامیابی حاصل کی۔
قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ آئندہ ٹورنامنٹس میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔