اپر دیر (بیوروچیف:محمد رحیم) یومِ پاکستان سیلیبریشن ویک کے سلسلے میں شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کے سبزہ زار میدان میں ایک شاندار کرکٹ ایگزیبیشن میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی و یونیورسٹی کی دو نمائندہ ٹیموں نے بھرپور مہارت اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود رہی، جو ہر چوکے چھکے پر جوش و خروش سے جھوم اٹھی۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر شرینگل فیاض احمد، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر صدیق اللہ اور ڈائریکٹر اسپورٹس یونیورسٹی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مہمانانِ خصوصی نے کھلاڑیوں کی محنت اور بہترین کھیل کو سراہتے ہوئے انہیں حوصلہ افزائی کے کلمات ادا کیے۔ اختتامی تقریب میں جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور کھلاڑیوں کو انفرادی کارکردگی پر خصوصی انعامات پیش کیے گئے۔
ڈائریکٹر اسپورٹس یونیورسٹی نے اس موقع پر کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ نوجوانوں میں ٹیم ورک، برداشت اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ پاکستان سیلیبریشن ویک کے تحت ہونے والی یہ سرگرمیاں قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔
شائقین اور طلبہ نے اس میچ کو یومِ آزادی کی تقریبات کا ایک یادگار حصہ قرار دیا، جبکہ منتظمین نے آئندہ بھی اس نوعیت کے مقابلوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔