پاکستان کے مایہ ناز جیولین تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخ ساز کارکردگی دکھائے ایک سال مکمل ہوگیا۔ ارشد ندیم نے 8 اگست 2024 کو 92.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر نہ صرف اولمپک ریکارڈ قائم کیا، بلکہ پاکستان کو 40 برس بعد اولمپک گولڈ دلایا۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کا پہلا انفرادی اولمپک گولڈ میڈل تھا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ پیرس اولمپکس میں میڈل جیتنے کا عزم بہت مضبوط تھا اور اللہ کے فضل سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر حکومت اور عوام کی طرف سے ملنے والا پیار، عزت اور انعامات میرے لیے باعثِ فخر ہیں، جس پر وہ سب کے شکر گزار ہیں۔
ارشد ندیم نے مزید کہا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پر مرکوز ہے اور وہ مستقبل میں اولمپکس 2028 کے لیے بھی بھرپور تیاری جاری رکھیں گے۔ انہوں نے قوم سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ نے اولمپکس کے وقت ساتھ دیا، ویسے ہی اب بھی ساتھ دیں تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام مزید روشن کرتے رہیں۔