سوات (ویب ڈیسک) محمد اسحاق میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کبل گراؤنڈ میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں، جہاں آج کھیلے گئے ایک اہم میچ میں کبل ریڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریکوٹ کمبائن کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ اس کامیابی کے بعد کبل ریڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیموں میں شمار ہونے لگی ہے۔
میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا، تاہم کبل ریڈ کے کھلاڑیوں نے شاندار ٹیم ورک اور جارحانہ حکمت عملی کے باعث برتری حاصل کی۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے لیکن کبل ریڈ نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ابتدائی برتری حاصل کی۔ دوسرے ہاف میں بریکوٹ کمبائن نے واپسی کی کوشش کی اور ایک گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے، تاہم کبل ریڈ نے مزید دو گول کرکے میچ کو یکطرفہ کردیا۔
تماشائیوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لیے کبل گراؤنڈ میں موجود تھی اور شائقین نے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی۔ ٹورنامنٹ آرگنائزرز کے مطابق مقابلے روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گے اور فائنل میچ شاندار انداز میں منعقد کیا جائے گا۔ محمد اسحاق میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔