کراچی (ویب ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کے میچز کی پاکستان میں براڈ کاسٹنگ کا معاملہ حل ہوگیا ہے، پاکستان ٹیلی ویژن نے ایشیا کپ کے تمام میچز کے مقامی براڈ کاسٹنگ کے حقوق حاصل کر لیے۔
سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے سماجی رابطے کی سائٹ ’انسٹا گرام‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی وی نے 2025 سے 2027 تک ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے تمام ایونٹس کے لیے مقامی براڈکاسٹنگ کے حقوق حاصل کر لیے۔
پی ٹی وی کے مطابق ادارے مینز ایشیا کپ 2025 اور 2027، ویمنز ایشیا کپ 2026، انڈر 19 اور ایمرجنگ ایشیا کپ ٹورنامنٹس کی بھی پاکستان میں نشریات کے رائٹس لے لیے ہیں۔
خیال رہے کہ مینز ایشیا کپ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے, پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول ایونٹ کا ہائی وولٹیج مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ایشیائی ٹورنامنٹ کے 19 میچز میں سے 12 کی میزبانی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کرےگا جب کہ 7 میچز ابو ظبی کے میدان میں کھیلے جائیں گے، سپر فور مرحلہ اور 28 ستمبر کو فائنل مقابلہ بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں میچز دبئی اسٹیڈیم میں ہوں گے، قومی ٹیم 12 ستمبر کو پہلے میچ میں عمان کا سامنا کرے گی، شاہینوں کا دوسرا مقابلہ 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف ہوگا، تیسرے میچ میں گرین شرٹس 17 ستمبر کو یو اے ای کیخلاف میدان میں اُتریں گے۔