کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان پیڈل فیڈریشن کے زیرِ اہتمام اور پیڈل ایشیا، انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن، میدان پاکستان و سندھ پیڈل ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقدہ نیشنل پیڈل رینکنگ کپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ ایونٹ کے دوران تینوں کیٹیگریز میں کانٹے دار فائنل کھیلے گئے جنہیں دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین موجود تھے۔
مینز ایونٹ کے فائنل میں ٹیم ایس کے اور ٹیم پیڈل اسکوائر کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ دونوں ٹیموں نے ایک ایک گیم جیت کر میچ کو فیصلہ کن موڑ پر پہنچایا تاہم آخری گیم میں سلیمان اور احمد کامل پر مشتمل ٹیم ایس کے نے میدان مار لیا۔ تیسری پوزیشن کا میچ کچی برادرز نے جیت لیا۔
ویمنز کیٹیگری میں ٹیم ایم یو وی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیڈل ٹیم کو دو صفر سے شکست دی۔ تیسری پوزیشن شیبا اور شیر کے حصے میں آئی۔
مکسڈ کیٹیگری کے فائنل میں ٹیم یم پرم نے دلچسپ مقابلے کے بعد سروائورز کو 1-2 سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ تیسری پوزیشن ٹیم ڈسٹرکٹ نے حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے دوران صدر پاکستان پیڈل فیڈریشن محمد متین نے فاتح کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کیے۔ مجموعی طور پر کھلاڑیوں کو چھ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔
سی ای او پاکستان پیڈل فیڈریشن مدثر آرائیں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“ہمارے کھلاڑی انٹرنیشنل ایونٹس کے لیے تیار ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ پاکستان جلد ہی بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں سمیٹے گا، جس کا آغاز ایشین چیمپئن شپ سے ہوگا۔”