اپر دیر (بیوروچیف:محمد رحیم)کوہستان کی دلکش وادی جونکی بیریم کین ڈب میں کلکوٹ کلچر اینڈ اسپورٹس فیسٹیول کا شاندار اور رنگا رنگ آغاز ہو گیا، جس میں کھیلوں، موسیقی اور ثقافت کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی کھلاڑیوں، عمائدین، سیاحوں، طلباء اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ علاقے میں ایک پرجوش اور خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا۔
یہ تین روزہ فیسٹیول ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس کے باہمی تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ کوہستان کی منفرد ثقافت اور سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنا ہے۔ فیسٹیول میں کرکٹ، والی بال اور دیگر مقامی روایتی کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوں گے، جن میں مقامی اور دیگر علاقوں سے آئے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
کھیلوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ روایتی موسیقی کے پروگرام، کوہستانی لوک گیت، دستکاری کے اسٹالز، مقامی سوغات، کپڑوں اور زیورات کی نمائش نے شرکاء کو اپنی جانب کھینچ لیا۔ بچوں کے لیے جھولے اور تفریحی سرگرمیاں جبکہ خواتین کے لیے خصوصی اسٹالز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر صدیق اللہ نے کہا کہ یہ فیسٹیول نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا سنہری موقع ہے، جو علاقے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ نوجوانوں کو نظم و ضبط، محنت اور ٹیم ورک کا درس بھی دیتے ہیں۔
مقامی عمائدین نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے فیسٹیولز سے کوہستان کی ثقافت کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں مدد ملے گی، جبکہ سیاحت کے فروغ سے مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔
پہلے روز کرکٹ اور والی بال کے ابتدائی راؤنڈز کھیلے گئے جن میں نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ روایتی رقص اور موسیقی کی محفلوں نے رات کو مزید پرجوش بنا دیا۔ منتظمین کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی مزید دلچسپ مقابلے اور ثقافتی پروگرام منعقد ہوں گے، جو شرکاء کو یادگار لمحات فراہم کریں گے۔