اپر دیر ( بیوروچیف:محمد رحیم)پہلے انصاف اسپورٹس فیسٹیول میں قولنڈی لائنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمراٹ گلونہ کو 48 رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
قولنڈی لائنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ سات اوورز میں 127 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ترتیب دیا۔ فاروق نے صرف 22 گیندوں پر برق رفتار 65 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ دوسرے اینڈ سے رفیع اللہ نے 18 گیندوں پر 54 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔ دونوں بلے بازوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف خوبصورت شاٹس کھیلے اور شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کمراٹ گلونہ کی ٹیم 79 رنز تک محدود رہی۔ قولنڈی لائنز کے تمام بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے حریف بیٹنگ لائن کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
فاروق کو شاندار بیٹنگ کے اعتراف میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔