اپردیر (بیورو چیف:محمدرحیم): دیر اسپورٹس کمپلیکس میں جاری نائٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں جنگ بازار گرین اور الشاہین گرین کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ کھیل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنایا، تاہم جنگ بازار گرین نے بہتر حکمت عملی، مضبوط دفاع اور تیز رفتار حملوں کے ذریعے میدان مار لیا اور الشاہین گرین کو دو صفر سے شکست دے دی۔
میچ کا پہلا گول پہلے ہاف کے اختتام سے قبل جنگ بازار گرین کی جانب سے کیا گیا، جس نے ٹیم کے حوصلے بلند کر دیے۔ دوسرے ہاف میں الشاہین گرین نے برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی، مگر دفاعی لائن میں موجود جنگ بازار گرین کے کھلاڑیوں نے انہیں بار بار ناکام بنایا۔ میچ کے آخری لمحات میں جنگ بازار گرین نے دوسرا گول داغ کر اپنی فتح کو یقینی بنا دیا۔
شائقین کی بڑی تعداد نے اس سنسنی خیز مقابلے کو دیکھا اور دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا، تاہم جنگ بازار گرین کی جیت پر ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کھیل کے اختتام پر تالیوں کی گونج اور نعرہ بازی سے اسپورٹس کمپلیکس گونج اٹھا۔
ٹورنامنٹ آرگنائزرز کے مطابق نائٹ ٹورنامنٹ میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف ٹیموں کے درمیان مقابلے جاری ہیں، جنہیں دیکھنے کے لیے شائقین فٹبال بڑی تعداد میں اسپورٹس کمپلیکس کا رخ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے مقابلے نہ صرف نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ علاقے میں کھیلوں کے رجحان کو بھی بڑھا رہے ہیں۔