اپر دیر (بیورو چیف:محمد رحیم)دیر بالا میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس کے باہمی تعاون سے “دیر سپر لیگ جونیئر” کے تیسرے ایڈیشن کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں نوجوان کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ٹرافی اَن ویلنگ سرمنی بھی منعقد کی گئی جس نے ایونٹ کے وقار کو مزید بڑھا دیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر صدیق اللہ تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں نوجوان کرکٹرز کے جذبے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو نظم و ضبط، برداشت اور ٹیم ورک کا درس دیتے ہیں اور ایسے ایونٹس معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ایونٹ کے آرگنائزر فرہاد علی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ “دیر سپر لیگ جونیئر” کا مقصد نوجوان کرکٹرز کو ایک معیاری اور صحت مند پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور مستقبل میں بڑے میدانوں تک رسائی حاصل کریں۔ ان کے مطابق یہ لیگ علاقے کے کھلاڑیوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکیں۔
شرکاء نے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے نیا اور باصلاحیت ٹیلنٹ سامنے آئے گا جو مستقبل میں نہ صرف دیر بالا بلکہ ملک و قوم کا نام عالمی سطح پر روشن کرے گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور اسپورٹس آفس کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس کو باقاعدگی سے جاری رہنا چاہیے تاکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے اور نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہو۔
واضح رہے کہ “دیر سپر لیگ جونیئر” کے تیسرے ایڈیشن میں درجنوں ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ایونٹ کے دوران سنسنی خیز مقابلے متوقع ہیں جو شائقین کرکٹ کے لیے بہترین تفریح اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا بھرپور موقع فراہم کریں گے۔