Search

دیر بالا میں معرکۂ حق و یومِ آزادی پاکستان سیلیبریشن ویک، ثقافتی رنگوں کی بہار

Facebook
WhatsApp

کالمز

پاکستان

Facebook
WhatsApp

دیر بالا (بیوروچیف:محمد رحیم) ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس اور ڈسٹرکٹ یوتھ آفس دیر بالا کے باہمی تعاون سے یومِ آزادی پاکستان سیلیبریشن ویک کے سلسلے میں دیر اسپورٹس کمپلیکس میں شاندار ثقافتی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر دیر بالا کے ثقافتی اسٹالز سجائے گئے جنہیں دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد اسپورٹس کمپلیکس کا رخ کرتی

رہی۔

شہریوں، طلبہ، کھلاڑیوں اور سیاحوں نے ان اسٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ 13 اگست کو “دیر ڈے” کے طور پر مقامی تاریخ میں خاص اہمیت حاصل ہے، اور اسی مناسبت سے یہ تقریبات نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئیں۔

ثقافتی اسٹالز میں دیر کی روایتی مصنوعات، دیر ٹوپی، دیر چاقو، دستکاری کے نمونے، مقامی کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر علاقائی ہنر و ثقافت کی نمائندہ چیزیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔

ان مصنوعات نے مقامی باشندوں کے ساتھ ساتھ آنے والے مہمانوں کی بھی بھرپور توجہ حاصل کی، جبکہ کئی سیاحوں نے یادگار کے طور پر اشیاء خریدیں۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر صدیق اللہ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر شہزاد طارق اور تحصیل میونسپل آفیسر دیر بالا امین شامل تھے۔

مہمانانِ خصوصی نے اسٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ بعد ازاں، انہوں نے کھلاڑیوں، اسٹال مالکان اور منتظمین میں توصیفی اسناد تقسیم کیں۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف مقامی ثقافت و روایات کو زندہ رکھنے کا ذریعہ ہیں بلکہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخ اور ورثے سے جوڑنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

عوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رہے گا۔

Related Posts