چارباغٖ (اعزازی نمائندہ)پانچواں چارباغ وائٹ فٹبال ٹورنامنٹ چارباغ گراؤنڈ میں جاری ہے جہاں شائقین کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ گزشتہ روز کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں اقبال فٹبال کلب ڈاگے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی فٹبال کلب ڈھیرئی کو چار ایک (4-1) سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
میچ کے آغاز سے ہی اقبال فٹبال کلب نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور حریف ٹیم پر بھرپور دباؤ ڈالا۔ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی وسیم شنواری نے ہیٹ ٹرک اسکور کر کے شائقین کے دل جیت لیے، جب کہ محمد شیر چاچا نے بھی ایک خوبصورت گول کر کے ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کیا۔ دوسری جانب عوامی فٹبال کلب ڈھیرئی نے بھی جاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک شاندار گول کے ذریعے اپنی موجودگی کو نمایاں کیا، تاہم وہ میچ اپنے حق میں کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
تماشائیوں نے دونوں ٹیموں کے کھیل کو خوب سراہا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے گراؤنڈ میں زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ عوامی فٹبال کلب ڈھیرئی کی ٹیم نے میچ ہارنے کے باوجود بہترین کھیل پیش کیا جس پر شائقین نے ان کے لیے بھی داد دی۔
اس کامیابی کے بعد اقبال فٹبال کلب ڈاگے نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں وہ ٹرافی کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گے۔ شائقین کو اب فائنل میچ کا بے تابی سے انتظار ہے۔