آزاد کشمیر(اعزازی نمائندہ)وادی پرل دریک میں 28واں آل آزاد کشمیر کیپٹن حسین خان شہید والی بال ٹورنامنٹ کا فائنل شاندار انداز میں منعقد ہوا۔ فیصلہ کن معرکہ کاشر دیش کلب اور ہادی موٹرز (خان کبیر خان ٹاہلیان) کے درمیان کھیلا گیا، جس میں دونوں ٹیموں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
میچ کے آغاز پر ہادی موٹرز نے جارحانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے برتری حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم کاشر دیش کلب راولاکوٹ نے شاندار کم بیک کیا۔ عمدہ اسٹرائیک اور مضبوط ڈیفنس کے باعث کاشر دیش کلب نے مخالف ٹیم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 1-3 سے کامیابی اپنے نام کر لی اور اس میگا ایونٹ کی ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
فائنل میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی جنہوں نے کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل پر زبردست داد دی۔ ایونٹ کے اختتام پر انعامی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں فاتح ٹیم کو ٹرافی اور انعامات سے نوازا گیا۔ معزز مہمانوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں اہم ہیں بلکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔