دیر بالا(بیوروچیف:محمد رحیم) دیر اسپورٹس کمپلیکس میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ کا اختتامی مرحلہ شاندار فائنل کے ساتھ مکمل ہوا۔ فائنل میں جنگ بازار فٹبال کلب نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ایم اے فٹبال کلب کو 0-2 سے شکست دے کر چیمپئن ٹرافی اپنے نام کر لی۔
ابتدائی لمحات ہی سے جنگ بازار کلب نے جارحانہ کھیل کا آغاز کیا۔ پہلے ہاف میں نوجوان کھلاڑی جواد احمد نے شاندار موو کے نتیجے میں پہلا گول اسکور کر کے ٹیم کو سبقت دلائی۔
دوسرے ہاف میں علی وقاص نے فیصلہ کن دوسرا گول داغ کر جیت یقینی بنا دی۔ حریف ٹیم کے تمام تر دباؤ کے باوجود جنگ بازار کلب کی دفاعی حکمت عملی ناقابلِ تسخیر رہی۔
فائنل میں بلال، مانو اور سجاد سجو نے دفاعی حصار مضبوط بنا کر مخالف کو کوئی موقع نہ دیا۔ اویس اور شینا کی لاجواب پاسنگ اور اسسٹ پر تماشائی جھوم اٹھے۔ گول کیپر یاسر علی نے ایک مرتبہ پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی یقینی گول بچائے اور پورے ٹورنامنٹ میں “دیوار” کا لقب حاصل کیا۔
ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے جیت کے بعد خوشی کا اظہار کیا۔ فاتح کپتان نے کہا: “یہ کامیابی پوری ٹیم کی محنت اور سپورٹرز کے تعاون کا نتیجہ ہے۔ ہم اپنے زخمی ساتھیوں شاہسوار اور محمد سدیس کو یاد کرتے ہیں، جن کی محنت اور جذبہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے بھی یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں فٹبال اور دیگر کھیلوں کے لیے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
تماشائیوں کی بڑی تعداد نے میچ کے دوران ٹیموں کو بھرپور داد دی، جبکہ جنگ بازار فٹبال کلب کے سپورٹرز نے میدان میں نعروں اور تالیاں بجا کر جشن منایا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کو انعامات اور ٹرافیاں بھی پیش کی گئیں۔
🏅 خصوصی ایوارڈز:
-
بہترین کھلاڑی (پلئیر آف دی ٹورنامنٹ): جواد احمد (جنگ بازار کلب)
-
بہترین گول کیپر: یاسر علی (جنگ بازار کلب)
-
بہترین اسکورر: علی وقاص (جنگ بازار کلب)