دیر بالا (بیورو چیف:محمد رحیم) ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ گرینڈ فائنل میچ آج 20 اگست 2025 بروز بدھ کو دیر سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا جس میں جنگ بازار فٹبال کلب اور ٹی ایم اے فٹبال کلب کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ مقابلہ شام 4 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
انتظامیہ نے تمام شائقینِ فٹبال سے بروقت شرکت کی اپیل کی ہے اور زور دیا ہے کہ وہ کھیل کو کھیل ہی سمجھیں، کسی بھی قسم کی بدمزگی سے گریز کریں اور بہترین تماشائی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کھیل کے حسن کو بڑھائیں۔ دونوں ٹیموں کے سپورٹرز سے گزارش کی گئی ہے کہ اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی شائستگی کے ساتھ کریں تاکہ فٹبال کے اس بڑے معرکے کو یادگار بنایا جا سکے۔