دیر بالا (بیوروچیف:محمد رحیم)
چوتھا ڈپٹی کمشنر آل پاکستان والی بال ٹورنامنٹ دیر بالا کے اسپورٹس کمپلیکس میں شاندار اختتام پذیر ہوگیا، جس میں فائنل میچ ایم سی سی کلب گندیگار اور بن یوسف ایل پی جی یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایم سی سی کلب گندیگار نے اپنے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 0-2 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
ٹورنامنٹ کے فائنل میں دونوں ٹیموں نے شائقین کو بھرپور کھیل پیش کیا اور میدان تالیوں اور نعروں سے گونج اٹھا۔ ایم سی سی کلب گندیگار کے کھلاڑیوں نے عمدہ حکمت عملی اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، جبکہ ٹیم کے اسپانسر اسد اللہ وردگ کی خصوصی معاونت اور حوصلہ افزائی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ جیت کے بعد ایم سی سی کلب گندیگار کے تمام پلیئرز اور ان کے سپانسر کو زبردست انداز میں مبارکباد پیش کی گئی۔
دوسری جانب بن یوسف ایل پی جی اینڈ پرائیویٹ لمیٹڈ نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔ منتظمین اور شائقین نے ان کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور فائنل میں رسائی پر ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ شائقین کا کہنا تھا کہ بن یوسف ایل پی جی نے سخت محنت کرکے فائنل تک رسائی حاصل کی اور آئندہ ٹورنامنٹ میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی امید ہے۔
ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر چیف آرگنائزرز اور دیر بالا انتظامیہ کو بھی مبارکباد پیش کی گئی جنہوں نے بہترین انتظامات کے ساتھ ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
چوتھے ڈپٹی کمشنر آل پاکستان والی بال ٹورنامنٹ نے دیر بالا کے اسپورٹس شائقین کو اعلیٰ معیار کے کھیل فراہم کیے اور علاقے میں کھیلوں کے فروغ کی نئی راہیں ہموار کیں۔ شائقین نے پرامید اظہار کیا کہ ایسے ایونٹس مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع میسر آئیں۔