سوات (نامہ نگار) پُرہجوم وادیٔ سوات ایک بار پھر کھیلوں اور ثقافتی رنگوں سے سجاوٹی جائے گی، جب سوات اسپورٹس میلہ 29 اگست 2025 کو برہ درشخیلہ سوات کے مقام پر باقاعدہ آغاز کرے گا۔ اس منفرد اور شاندار ایونٹ میں ملک بھر سے آنے والی ٹیمیں اور کھلاڑی شریک ہوں گے جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت سے یہ میلہ عالمی رنگ بھی اختیار کرے گا۔
اسپورٹس میلے میں تقریباً 35 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے جن میں کرکٹ، فٹبال، والی بال، ہاکی، بیڈمنٹن اور رسہ کشی جیسے مقبول کھیل شامل ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس بار میلے میں پختون ثقافت کے قدیم کھیل بھی دوبارہ زندہ کیے جائیں گے، جو رفتہ رفتہ ختم ہوتے جارہے تھے۔ منتظمین کے مطابق اس اقدام کا مقصد نئی نسل کو اپنے تاریخی اور ثقافتی کھیلوں سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ اپنی روایت اور ورثے پر فخر کرسکیں۔
میلے میں پیراگلائڈنگ کے دلکش مقابلے بھی وادی سوات کے حسین پہاڑوں اور فضاؤں کو مزید جاذبِ نظر بنائیں گے۔ ملک کے مختلف حصوں سے کھلاڑی اس ایڈونچر اسپورٹ میں حصہ لینے کے لیے پہنچیں گے، جو تماشائیوں کو ایک منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کریں گے۔
یہ میلہ 22 روز تک جاری رہے گا اور توقع ہے کہ ہزاروں شائقین نہ صرف سوات بلکہ ملک کے دور دراز علاقوں سے آکر اس رنگارنگ ایونٹ کا حصہ بنیں گے۔ ماضی میں بھی یہی پلیٹ فارم کئی مقامی کھلاڑیوں کے لیے سنگِ میل ثابت ہوا ہے، جنہوں نے یہاں سے نیشنل اور انٹرنیشنل سطح تک رسائی حاصل کرکے کامیابیاں سمیٹیں۔
سوات کے قدرتی حسن اور کھیلوں کی رنگینیوں کا امتزاج، اس میلے کو ایک یادگار موقع بنائے گا، جہاں کھیل، ثقافت اور سیاحت ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔