چترال (بیوروچیف:محمد رحیم) لواری ٹنل گراؤنڈ میں کرکٹ کا ایک یادگار اور سنسنی خیز میچ کھیلا گیا جس میں ینگ برادرز (ونیر گاہ) اور فرینڈز الیون (دودبند) کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ کھیل دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین موجود تھے جنہوں نے دونوں ٹیموں کے ہر اچھے شاٹ اور وکٹ پر بھرپور تالیاں بجا کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
میچ کا آغاز ینگ برادرز نے بیٹنگ سے کیا اور مقررہ دس اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایک سو دس رنز کا شاندار ہدف مقرر کیا۔ اوپنرز اور مڈل آرڈر بلے بازوں نے دلکش اسٹروکس کھیل کر تماشائیوں کو محظوظ کیا۔ جواب میں فرینڈز الیون کی ٹیم نے اچھی شروعات ضرور کی مگر ینگ برادرز کے گیند بازوں کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکی اور پوری ٹیم سو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ کا سب سے نمایاں کردار ینگ برادرز کے باصلاحیت باؤلر محمد علی رہے جنہوں نے صرف تین اوورز میں چھ وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیا گیا۔
تماشائیوں نے ینگ برادرز کی فتح اور محمد علی کی شاندار باؤلنگ پر کھلاڑیوں کو گھیر لیا اور خوب نعرے بازی کی۔ اس موقع پر شائقین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کھیل نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور علاقے میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ذریعہ ہیں۔