دیر بالا (بیورو چیف:محمد رحیم) دیر بالا اسپورٹس کمپلکس میں ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری نائٹ فٹبال ٹورنامنٹ اور انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال مقابلوں میں گزشتہ شب ایک شاندار اور سنسنی خیز میچ کھیلا گیا جس میں جنگ بازار فٹبال کلب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے براول منشی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-5 سے شکست دے دی
میچ کے آغاز سے ہی جنگ بازار فٹبال کلب نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر مسلسل حملے کیے۔ پہلے ہاف میں ہی جنگ بازار کے کھلاڑیوں نے دو گول اسکور کر کے اپنی برتری ثابت کر دی، تاہم برول منشی نے ایک موقع پر واپسی کی کوشش کرتے ہوئے ایک گول اسکور کیا، مگر جنگ بازار کے مضبوط دفاع اور شاندار گول کیپنگ نے مزید مواقع ضائع ہونے نہ دیے۔
دوسرے ہاف میں جنگ بازار کے کھلاڑی مزید پر اعتماد دکھائی دیے اور تین مزید گول داغ کر اپنی جیت کو یقینی بنایا۔ میچ میں جنگ بازار کے فارورڈ لائن کے کھلاڑیوں کی تیز رفتاری اور پاسنگ گیم خاص طور پر قابلِ تعریف رہی، جبکہ مڈ فیلڈرز نے بھی بہترین کنٹرول اور حکمت عملی کے ذریعے ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹورنامنٹ کے منتظمین نے شائقین کی بڑی تعداد میں شرکت اور کھلاڑیوں کے شاندار کھیل کو سراہا۔ نائٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں مقامی ٹیموں کے ساتھ ساتھ ضلع بھر سے آنے والی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور فٹبال کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔