آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں 32 ٹیموں کی شمولیت پر غور شروع کردیا۔
سنگاپور میں جاری سالانہ اجلاس کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2028 میں امریکی شہر لاس اینجلس میں شیڈول اولمپکس کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ کر لیا، کوالیفیکیشن کے لیے ہائبرڈ ماڈل اپنایا جائے گا۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت چند ٹیمیں آئی سی سی ٹوئنٹی 20 رینکنگ کی بنیاد پر براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گی دیگر کو کوالیفائر مقابلوں کے ذریعے جگہ بنانا ہوگی۔
بھارتی ٹیم اس وقت عالمی ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہے، اس لیے امکان ہے کہ کٹ آف تاریخ کچھ بھی ہو اسے خود بخود اولمپکس میں شرکت کا ٹکٹ مل جائے گا۔
آئی سی سی بورڈ نے اجلاس میں کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کی ساخت اور مستقبل کے حوالے سے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا جو مختلف تجاویز مرتب کرے گا۔
اجلاس میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں 32 ٹیموں کی شمولیت پر غور کیا گیا، ٹیسٹ کرکٹ کو 2 ڈویژن پر تقسیم کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔
ادھر ون ڈے ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں فی الحال ٹیموں کی تعداد میں کسی قسم کی توسیع کا امکان نہیں لگتا، 2023 کے ایڈیشن میں 12 ٹیموں نے شرکت کی تھی، آئندہ ورلڈ کپ کے لیے بھی اسی تعداد کو برقرار رکھنے کا امکان ہے، یہ تمام تجاویز ابھی مشاورت کے مرحلے میں ہیں۔