سوات(نمائندہ خصوصی): سوات میں جاری فٹبال ٹورنامنٹ کا ایک اور زبردست اور یادگار مقابلہ اُس وقت دیکھنے کو ملا جب شمع کلب خرمتو نے آفریدی بانڈہ کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔ شمع کلب کی مکمل برتری، دلکش گولز اور ٹیم ورک نے میدان میں موجود شائقین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
میچ کے آغاز سے ہی شمع کلب خرمتو نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے آفریدی بانڈہ کے ڈیفنس پر دباؤ بڑھایا۔ پہلے ہاف میں ہی شمع کلب نے دو شاندار گول کر کے برتری حاصل کر لی۔ آفریدی بانڈہ کی جانب سے ایک گول کر کے واپسی کی کوشش کی گئی، مگر شمع کلب کے کھلاڑیوں نے کسی قسم کی نرمی دکھانے کے بجائے مزید جارحیت سے کھیلتے ہوئے دو اور گول اسکور کیے، یوں میچ کا اسکور 1-4 رہا۔
شمع کلب کے کھلاڑیوں نے نہ صرف بہترین پاسنگ، کنٹرول اور فٹنس کا مظاہرہ کیا بلکہ ہر موقع پر آفریدی بانڈہ کو دباؤ میں رکھا۔ انفرادی مہارت اور اجتماعی کارکردگی کا خوبصورت امتزاج دیکھنے کو ملا۔
اس شاندار کامیابی کے بعد شمع کلب خرمتو کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے۔ شائقین کی بڑی تعداد میچ سے بھرپور لطف اندوز ہوئی اور جیتنے والی ٹیم کو بھرپور داد دی۔ اس موقع پر دیر کے مقامی فٹبال شائقین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے نہایت اہم ہیں۔
ٹورنامنٹ آرگنائزرز نے شمع کلب کی جیت کو سراہا اور بتایا کہ اگلے مرحلے کے لیے مقابلے مزید سخت ہوں گے، جہاں بہترین ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گے