کراچی(ویب ڈیسک)
ناوینا اسٹیل نیشنل جونیئر پیڈل چیمپئن شپ اپنے اختتام کو پہنچی، جہاں سندھ کی ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر-14، انڈر-16 اور انڈر-18 تینوں کیٹیگریز میں فتح حاصل کر کے چیمپئن شپ کا تاج اپنے نام کر لیا۔
یہ ایونٹ پاکستان پیڈل فیڈریشن کے زیرِ اہتمام پیڈل ایشیا، انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن، سندھ پیڈل ایسوسی ایشن اور میدان کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا اختتام ایکشن سے بھرپور فائنلز اور شاندار اختتامی تقریب کے ساتھ ہوا۔
انڈر-14 کے فائنل میں سندھ ون اللہ والا نے سندھ شاہینز کو 0-2 سے شکست دی۔ انڈر-16 کیٹیگری میں سندھ این ایم ایکس نے سندھ سکس کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ سب سے اہم مقابلے، انڈر-18 فائنل میں سندھ لیجنڈز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سندھ ٹی ٹی ایف کو فیصلہ کن سیٹ میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات میں شیخ شکیل الیاس، احمد علی راجپوت، صدر پیڈل فیڈریشن محمد متین، سی ای او مدثر آرائیں، اور ناوینا اسٹیل کے نمائندگان نے خصوصی شرکت کی۔ ایونٹ میں 3 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ نمایاں کارکردگی پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خصوصی انعامات سے بھی نوازا گیا۔
اس موقع پر مدثر آرائیں نے اعلان کیا کہ اسپین میں ہونے والے جونیئر ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان جلد کیا جائے گا، اور مستقبل میں مزید ایسے ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گے، جن سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بھرپور موقع ملے گا۔