ورلڈ موٹر سپورٹس چیمپئن سلطان گولڈن نے کہا ہے کہ میں نے 1995 میں ریورس کار جمپ متعارف کرائی ،میرا ریکارڈ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو لاہور پریس کلب میں پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سلطان گولڈن نے کہا کہ میں ریوس جمپ کا بانی ہوں ،میراحکومت سے مطالبہ ہے کہ محکمہ کھیل میری سرپرستی کرے تومزید ریکارڈ قائم کرسکتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کیلئے انہیں سہولیات اور مواقع فراہم کئے جائیں۔ موٹر بائیک جمپ اور شندور و مینگورا میں ہائی جمپ کے ریکارڈ قائم کرچکا ہوں چند روز قبل 140 کلومیٹر کی رفتار سے ریورس کار جمپ کا ریکارڈ قائم کیا ، 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کار ریورس میں چلا کر امریکی شہری کا ریکارڈ توڑا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ 1984میں 15 کاروں کے اوپر سے گاڑی جمپ لگاکر عالمی شہرت حاصل کی1987 میں 22 گاڑیوں کے اوپر سے جمپ لگاکر پہلا عالمی ریکاڈ قائم کیا جبکہ اب تک کار اور بائیک جمپنگ کے متعدد عالمی ریکارڈ قائم کرچکا ہوں جو بلوچستان سمیت پورے ملک کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے ،چند روز قبل میں نے ریورس جمپ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں عالمی شہرت یافتہ موٹر سپورٹس مین ہوں لیکن آج تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔
اتنا بڑا ریکارڈ بنانے کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی سرپرستی نہیں کی گئی اگر حکومت سرپرستی کرے تو مزید ریکارڈ قائم کرسکتا ہوں ۔ اتنی بلندی پر آج تک یہ ریکارڈ کسی نے قائم نہیں کیا ہوگا اس سلسلہ میں سپورٹس بورڈ پنجاب اور حکومت سے تعاون کی اپیل کرتا ہوں، حکومت اور سپورٹس تنظیمیں تعاون کریں تو گینیز ورلڈ ریکارڈ بنائوں گا۔سپورٹس بورڈ پنجاب نے گینیز ورلڈ ریکارڈ والوں سے پروگرام بنایا ہے ان سے درخواست ہے میرے اس خطرناک کھیل میں بھی تعاون کیا جائے، اتنا بڑا ایونٹ ہونے جا رہا ہے وہاں گینیز ورلڈ والوں کو بھیجا جائے۔
عالمی شہرت یافتہ کار ریسر نے میڈیا سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اتنا بڑا ایونٹ 7 اور 9 جولائی کو شندور فیسٹیول کی شکل میں ہونے جارہا ہے اسے میڈیا کوریج دے اور حکومت مجھے سپورٹ کرے تو سڑکوں پر ہونے والے حادثات روک سکتا ہوں نوجوانوں کو سپیشل ٹریک پر تیاری کرائوں گا۔ سلطان محمد گولڈن نے کہا کہ ریکارڈ اپنے ملک کے نام کرتا ہوں، امریکی شہری نے 2022 میں 89 کلو میٹر فی گھنٹہ کی سپیڈ سے ریورس گاڑی چلانے کا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔