زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نیزہ بازی گراؤنڈ میں رانا منظور خان، رانا رستم خان میموریل گرے ہاؤنڈ ڈربی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔ جو ملک بھر کے گرے ہاؤنڈ شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ اس کا مقصد دیہی ثقافت کے حسین لمحات کو شرکاء کے سامنے پیش کرنا تھا۔ اپنے پیغام میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو دیہی ثقافت کا امین تصور کیا جاتا ہے اور یہ اس حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کرتی رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقابلہ جات سے نہ صرف تفریح کے مواقع میسر آتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں اور زرعی سائنسدانوں کے مابین روابط کو بھی مضبوط کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند کی اولین زرعی دانش گاہ ہونے کی حیثیت سے زراعت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں تک دہلیز تک پہنچا کر ہی معاشی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے ساتھ ساتھ غذائی استحکام کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہارون زمان اور ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر بھی موجود تھے۔