امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران چمپیئن بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا ’صرف ویرات کوہلی کا نہیں بلکہ یہ میرا بھی آخری ٹی20 انٹرنیشنل میچ تھا‘۔
بھارت کو ٹی20 کا عالمی چیمپئن بنوانے والے کپتان روہت شرما نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اس سے بہترین وقت نہیں آسکتا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بھارت کے لیے اسی فارمیٹ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور تب سے اب تک بہت انجوائے کیا ہے، میرے لیے اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اس سے بہترین وقت نہیں ہوسکتا، میں صرف اسی لمحے کا انتظار کررہا تھا کہ ٹرافی جیت کر خدا حافظ کرو۔
بھارتی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ یہ میرے کیریئر کا بہترین لمحہ ہے کیوں کہ میں نے گزشتہ چند سالوں میں متعدد انفرادی ریکارڈ قائم کیے لیکن مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا، البتہ بھارت کے لیے میچ اور ٹرافی جیتنا اہمیت رکھتا ہے اور میرے خیال میں اس سے بہترین لمحہ میرے انٹرنیشنل کریئر میں نہیں آیا ہوگا۔
یاد رہے کہ روہت شرما نے ٹی20 انٹرنیشنل میں ٹاپ اسکورر کے طور پر اپنے کریئر کا اختتام کیا، انہوں نے 159 میچز میں 4 ہزار 231 رنز بنائے، جس میں سب سے زیادہ 5 سنچریاں بھی شامل ہیں، جب کہ وہ 2007 میں ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔
قبل ازیں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں بھارت کے دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل جیتنے کے فوراً بعد ٹی20 انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق فائنل میں 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام وصول کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ ’یہ میرا آخری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تھا اور یہ بالکل وہی ہے جو ہم حاصل کرنا چاہتے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان کھلاڑی آگے آئیں اور ٹیم کے لیے کچھ کر دکھائیں، شکر گزار ہوں کہ میں ٹیم کے لیے کام کرنے میں کامیاب رہا اور یہ سب سے اہم تھا۔‘
ویرات کوہلی نے 125 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت کی نمائندگی کی اور ایک سنچری اور 38 نصف سنچریوں کی مدد سے 48.69 کی اوسط اور 137.04 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4 ہزار 188 رنز بنائے۔