یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد کے سالانہ سپورٹس فیسٹیول کا شاندار انعقاد ہوا جس میں یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے علاوہ فیصل آباد کے دیگر میڈیکل کالجز کی ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی طالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتیوں کا بھر پور اظہار کیا۔
سپورٹس فیسٹیول کے اختتامی روز فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فیصل بلال لودھی مہمان خصوصی تھے۔دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک، پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر اے جی ریحان، پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم ملک، پروفیسر ڈاکٹر سہیل امجد، ڈاکٹر غلام محبوب سبحانی، پروفیسر ڈاکٹر عامر علی چوہدری، پروفیسر ڈاکٹر ارسلان واحد دیگر فیکلٹی ممبران و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سپورٹس فیسٹیول میں طالبات نے مارچ پاسٹ، کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، ہرڈل ریس، ریلے ریس، دیگر اتھیلٹیکس، ڈراما کمپیٹیشن اور کلچرل تھیم پرفارمنس میں حصہ لیکر اپنی صلاحیتیوں کا اظہار کیا۔کرکٹ میچز میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس مقابلوں میں یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی ٹیموں نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ رسہ کشی کے مقابلے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ٹیم فاتح قرار پائی۔
100 میٹر ریس میں یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی ایم بی بی ایس فائنل ائیر کی طالبہ شیزہ منیر نے پہلی پوزیشن، ہرڈل ریس میں یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بی ڈی ایس کی طالبہ ایمان نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ریلے ریس میں بھی یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی ایم بی بی ایس فائنل ائیر کی طالبہ شیزہ منیر نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ طالبات نے ڈراما اور کلچرل تھیم پرفارمنس کے ذریعے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر فیصل بلال لودھی نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں ٹرافیز، میڈلز و سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ پروفیسر ڈاکٹر فیصل بلال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حصول علم کیساتھ ساتھ سپورٹس و ہم نصابی سرگرمیوں میں شمولیت تمام سٹوڈنٹس بالخصوص طالبات کیلئے نہائت ضروری ہے۔ انہوں کہا کہ یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیم کیساتھ ساتھ سپورٹس و ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے طالبات کی مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی کو سراہا اور سپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر کالج سپورٹس کمیٹی کو مبارکباد پیش کی۔