کراچی: ورلڈ ایتھلون نے پاکستان نیوی کے اشتراک سے گزشتہ روز منوڑہ میں ” کیپ بیچ کلین رن 2024″کاشاندارانعقادکیا ۔اس سلسلے میں 5 اور10کلومیٹردوڑکی مختلف کیٹگریز کے دلچسپ مقابلے ہوئے جن میں کراچی سمیت ملک بھر سے 450سے زائد مرد اورخواتین ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔
مردوں کے10کلومیٹردوڑمیں پاکستان روڈ رنرز(پی آرآر) کے محمد عرفان نے شاندارکارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے 35:34 منٹ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان نیوی کے شاکر عثمان نے 36:40 منٹ کے ساتھ دوسری اورایس وی آرسی کےمحمد امجد 37:20منٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن پررہے۔
خواتین کی 10کلومیٹر دوڑ میں پاکستان نیوی کی ممتاز نعمت نے 49:31 منٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ سندھ ٹریک اینڈ فیلڈ کی سحرش خان 53:23 منٹ کے ساتھ دوسرے اور ان کی ساتھی دعا نزاکت 55:32 منٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئیں۔
مردوں کی 5 کلومیٹر دوڑ بھی بڑی دلچسپت رہی ،اس میں علی حسن نے 17:10منٹ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے سرفہرست رہے ۔ پاکستان روڈ رنرز(پی آرآر) کے ابرار حسین نے 17:40 منٹ کے ساتھ دوسری اورپی آرآر کے محمد زین نے 17:50 منٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
خواتین کی 5 کلومیٹر دوڑ میں سندھ ٹریک اینڈ فیلڈ( ایس ٹی ایف) کی قندیل سلطان نے 23:23 منٹ میں اختتامی حد عبورکرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ایس ٹی ایف ہی کی ماہ نور فاطمہ 24:24 منٹ کے ساتھ دوسری اور پاکستان روڈ رنرز کی حمنہ انور 26:44 منٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آئیں ۔
بعدازاں پاکستان نیول اکیڈمی آؤٹ ڈوراسپورٹس کمپلیکس منوڑہ کے سبزہ زارمیں تقسیم انعامات کی پروقارتقریب ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے ڈپٹی کمانڈنٹ پاک بحریہ کے کیپٹن فیصل احمد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اورنمایاں پوزیشن لینے والے ایتھلیٹس کومیڈل اورنقدانعامات سے نوازا۔
علاوہ ازیں چوتھے سے چھٹے نمبرپرآنے والے ہرکیٹگری کے ایتھلیٹس کو سوٹ اورساتویں سے دسویں پوزیشن والوں کو ٹی شرٹس دیئے گئے ۔ علاوہ ازیں ٹاپ ٹین پوزیشن ہولڈرزکو ان کی کارکردگی کے اعتراف میں سرٹیفکیٹ سے بھی نوازاگیا ۔
اس موقع پرپاکستان روڈ رنرزکے جنرل سیکریٹری محمد احمد کی جانب سے مہمان خصوصی کیپٹن فیصل احمد خان کو بھی خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔
تقریب میں لیفٹننٹ کمانڈرعلی رضاطور، پروفیسرڈاکٹرسید وسیم رضا،ڈاکٹردانش علی،عبداللہ چانڈیو،حسن علی ،زاہدگل خٹک سمیت خواتین اوربچوں نے بھی شرکت کی۔
ورلڈایتھلون اورپاکستان نیوی کے اشتراک سے اس ایونٹ کا مقصد صاف شفاف ساحلوں کوبرقرار رکھنے ،سمندری حیات کے تحفظ ،صنعتی فضلے کے اثرات سے نمٹنے اورڈی سیلینیشن (نمکیات کی صفائی) والی پائیدارسرگرمیوں کی اہمیت کواجاگرکرنے پرتوجہ مرکوزکرنا ہے۔