Search

چیمپئنز ٹرافی میں صائم ایوب کی شرکت خطرے میں

Facebook
WhatsApp

کالمز

پاکستان

Facebook
WhatsApp

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران انجری کا شکار ہونے والے نوجوان اوپنر صائم ایوب کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ ان کی عدم دستیابی کے خدشات کے پیش نظر قومی سلیکٹرز ان کی جگہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود کو موقع دینے پر غور کر رہے ہیں، تاہم یہ فیصلہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ میں شان مسعود کی کارکردگی پر منحصر ہوگا۔ امام الحق کو بھی بطور متبادل آپشن زیر غور لایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق عبداللہ شفیق کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد سلیکٹرز ون ڈے فارمیٹ میں صائم ایوب کی جگہ شان مسعود کو شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں، کیونکہ وہ 50 اوور کے فارمیٹ میں لمبی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ شان مسعود نے اب تک 9 ون ڈے میچز میں ایک نصف سنچری کی مدد سے 163 رنز بنائے ہیں اور ان کی اوسط 18 ہے۔ انہوں نے آخری ون ڈے میچ 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

شان مسعود پاکستان اور انگلینڈ میں ون ڈے کرکٹ کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں، جبکہ فخر زمان کی ٹیم میں واپسی یقینی سمجھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب شاداب خان کی شمولیت کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی سلیکٹرز آئندہ ایک ہفتے میں پاکستان میں ہونے والی تین قومی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کریں گے، اور غالب امکان ہے کہ انہی کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھی منتخب کیا جائے گا۔

صائم ایوب اس وقت انگلینڈ میں میڈیکل پینل کی نگرانی میں ری ہیب جاری رکھے ہوئے ہیں، اور ان کی فروری کے آغاز میں وطن واپسی متوقع ہے۔ تاہم ان کی فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے کرکٹ میں واپسی میں احتیاط برتی جا رہی ہے۔ سلیکٹرز چیمپئنز ٹرافی کے لیے حتمی ون ڈے اسکواڈ تشکیل دینے میں مصروف ہیں، جہاں عبداللہ شفیق اور عثمان خان کی ممکنہ ڈراپ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

امام الحق اور حسیب اللہ کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ محمد رضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، طیب طاہر اور عرفان خان کی شمولیت کے امکانات روشن ہیں۔ بولنگ اسکواڈ میں محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، حارث رؤف، کامران غلام، ابرار احمد اور سفیان مقیم شامل ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی دیگر تمام ٹیمیں اپنے اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہیں، جبکہ پاکستان آئی سی سی کو ابتدائی اسکواڈ پہلے ہی بھجوا چکا ہے۔ ٹورنامنٹ کے لیے حتمی اسکواڈ 11 فروری تک جمع کرانا ضروری ہوگا، جبکہ سہ فریقی سیریز کا آغاز 8 فروری کو پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔

Related Posts