بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم انڈیا کی جرسی پر میزبان ملک ’پاکستان‘ کا نام چھاپنے سے انکار کر دیا ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام نے اسے “کرکٹ میں سیاست” شامل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارتی بورڈ نے پہلے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کیا اور آئی سی سی پر دباؤ ڈال کر چیمپئنز ٹرافی کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت منتقل کرایا، جس کے تحت بھارتی ٹیم اپنے میچز دبئی میں کھیلے گی۔ تاہم، آئی سی سی قوانین کے مطابق میزبان ملک کا نام ایونٹ کی جرسی پر درج ہونا لازمی ہے، لیکن بھارت نے اس حوالے سے اعتراض اٹھایا ہے، جس سے شائقین کرکٹ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ بھارتی ٹیم کا یہ اقدام محض تنازع کھڑا کرنے کی کوشش ہے، جبکہ اطلاعات ہیں کہ بی سی سی آئی نے کیپٹنز میٹ اور افتتاحی تقریب میں بھی اپنے کپتان روہت شرما کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا ہے، جس سے میزبان پاکستان کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ پی سی بی اس معاملے پر مناسب ردعمل دے گا اور آئی سی سی قوانین کے مطابق میزبان ملک کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔