جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کوربن بوش نے پاکستان سپر لیگ سے دستبرداری کے فیصلے پر معافی مانگ لی جب کہ پی سی بی نے پروٹیز آل راوںڈر پر پی ایس ایل کھیلنے پر ایک سال کی پابندی عائد کردی۔
پی سی بی اور کوربن بوش نے مشترکہ بیان جاری کردیا ہے، جس میں پروٹیز آل رائونڈر کا کہنا ہے کہ میں پی ایس ایل سے دستبرداری کے اپنے فیصلے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام، پشاور زلمی کے فینز اور وسیع کرکٹ برادری سے مخلصانہ معذرت چاہتا ہوں۔ پی ایس ایل ایک باوقار ٹورنامنٹ ہے اور میں اپنے عمل سے پیدا ہونے والی مایوسی کو پوری طرح سمجھتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے وفادار شائقین سے، میں دل سے معذرت خواہ ہوں کہ میں آپ کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا، میں اپنے عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اس کے نتیجے میں عائد جرمانے اور ایک سال کی پابندی کو تسلیم کرتا ہوں، یہ میرے لیے ایک سخت سبق تھا، لیکن میں اس تجربے سے سیکھنے کے لیے پرعزم ہوں، امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں ایچ بی ایل پی ایس ایل میں نئی لگن اور شائقین کے اعتماد کے ساتھ واپسی کر سکوں گا۔
پی سی بی کے مطابق 30 سالہ کوربن بوش کو پشاور زلمی نے 13 جنوری کو لاہور میں ہونے والے پلیئر ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آل رانڈر ایک سال تک پی ایس ایل نہین کھیل سکتا، کوربن بوش آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے لیے انتخاب کے اہل نہیں ہوں گے۔