پاکستانی ٹیم آج ورلڈکپ میں اپنا آخری گروپ میچ آئرلینڈ سے کھیلے گی تاہم اس دوران بارش کی دخل اندازی کا خطرہ موجود ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں اپنا آخری میچ اتوار کو آئرلینڈ کے خلاف لاؤڈرہل میں کھیلے گی ۔ میچ شیڈول کے مطابق پاکستان کے وقت شام ساڑھے 7بجے شروع ہوگا
تاہم اس کے بھی موسم کی وجہ سے متاثر ہونے کا خطرہ موجودہے، گرین شرٹس پہلے سپر8 راؤنڈ کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب فلوریڈا میں خراب موسم کی وجہ سے میچ متاثر ہوسکتا ہے، ہفتہ کو بھی بارش کی وجہ سے قومی ٹیم نے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔
پاکستانی الیون میں کم سے کم 2 تبدیلیوں کا امکان ہے، ابرار احمد اور عباس آفریدی کو موقع مل سکتا ہے۔
گروپ اے سے بھارت اور امریکا اگلے راؤنڈ میں جگہ بناچکے ہیں جبکہ پاکستان کو ان دونوں ٹیموں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، اس نے اب تک کھیلے گئے 3 میچز میں سے صرف ایک میں کینیڈا کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔
فلوریڈا میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال ہے، لاؤڈرہل میں خراب آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ہی امریکا اور آئرلینڈ کا میچ ختم قرار دیدیا گیا تھا جس میں ایک قیمتی پوائنٹ حاصل کرکے امریکا نے ورلڈ کپ میں اپنی ہی انٹری کو دوسرے راؤنڈ میں رسائی سے یادگار بنالیا۔