کراچی (ویب ڈیسک)انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔
ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو 49 رنز سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز چیمپئنز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنا کر ہمت ہار گئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب چیڈویک والٹن 42، ولیم پیرکنز اور ڈیوائن براوو 30، 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان چیمپئنز کے رومان رئیس نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، سہیل تنویر اور عامر یامین 2، 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سے قبل، پاکستان چیمپئنز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے، قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر بلے باز کامران اکمل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 56 گیندوں پر 113 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، انہوں نے 13 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔
پاکستان کی جانب کپتان محمد حفیظ نے 23 اور ہارڈ ہٹر بلے باز شرجیل 21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز چیمپئنز کے ڈیوائن براؤو، ایشلے نرس، کیرن پولارڈ اور دیو محمد نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
خیال رہےکہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کو شکست دی تھی جب کہ دوسرے مقابلے میں بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا بائیکاٹ کر دیا تھا، تیسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ چیمپئنز کو 31 رنز سے شکست دی تھی۔