لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن میں مصروف مزدوروں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے خصوصی اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، مزدوروں کے اعزاز میں 7 فروری کو ظہرانہ دیا جائے گا، جہاں تعمیراتی کام میں حصہ لینے والے تمام افراد کو مدعو کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، مزدوروں کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پہلے میچ کو دیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی ان محنتی افراد کا شکریہ ادا کریں گے، جنہوں نے دن رات انتھک محنت کی۔ دوسری جانب، اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کے دو میچز ہوں گے، جبکہ چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 22 فروری کو کھیلا جائے گا۔