ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام کھیلوں کے شائقین کیلئے گزشتہ سالوں کی طرح اس رمضان المبارک میں بھی صوبے کے مختلف مقامات پر فلڈ لائٹس ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ایک ٹورنامنٹ کا انعقاد بساکی گراؤنڈ ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا جارہا ہے جس کا افتتاح ممبر قومی اسمبلی فیصل امین خان گنڈاپور اور مئیر ڈیرہ اسماعیل خان عمر امین خان گنڈاپور کریں گے۔
اس طرح حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں 12 مارچ سے فلڈ لائٹس کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا جس میں پشاور کی 24 بہترین ٹیمیں شرکت کریں گی اور صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخرجہان، سیکریٹری سپورٹس محمد ضیاالحق اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر خان اسکا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
25 مارچ کو اس ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔ ضلع بونیر میں بھی کالج گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس کرکٹ ٹورنامنٹ آج 8 مارچ سے شروع ہورہا ہے۔
اس ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل سید فخرجہان ہوں گے۔ اس طرح طماس خان فٹ بال سٹیڈیم پشاور میں بھی 13 مارچ سے فلڈ لائٹس فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا اور اس کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل، سیکرٹری کھیل اور ڈی جی کھیل کریں گے جبکہ اسکا فائنل 20 مارچ کو کھیلا جائے گا۔