اپر دیر (بیورو چیف:محمد رحیم)دیر اسپورٹس کمپلیکس گزشتہ شب فٹبال شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، جہاں نائٹ فٹبال ٹورنامنٹ کے تحت جنگ بازار اور شاہین ریڈ کے درمیان ایک شاندار اور یادگار مقابلہ کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے میدان میں آتے ہی جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی، اور آغاز سے ہی ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دیے۔
پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے بہترین پاسنگ اور دفاعی حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، تاہم شائقین کا جوش اس وقت عروج پر پہنچ گیا جب جنگ بازار نے شاندار موقعے کے ذریعے پہلا گول اسکور کیا۔ جواب میں شاہین ریڈ نے بھی عمدہ کم بیک کرتے ہوئے میچ کو برابر کر دیا۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی یہی سنسنی برقرار رہی، اور دونوں جانب سے ایک ایک مزید گول اسکور ہوا، یوں مقررہ وقت کے اختتام پر اسکور 2-2 کی برابری پر رہا۔
میچ کا فیصلہ پلنٹی اسٹروک کے ذریعے ہوا، جہاں جنگ بازار کے کھلاڑیوں نے دباؤ کے باوجود اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے شاندار کک لگائیں اور جیت اپنے نام کر لی۔ شاہین ریڈ کے کھلاڑیوں نے بھی بھرپور مقابلہ کیا، مگر قسمت نے اس بار ان کا ساتھ نہ دیا۔
تماشائیوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین وقفے وقفے سے نعرے لگاتے اور ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ میچ کے بعد شائقین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا میچ ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے ہم یورپ، امریکہ یا آسٹریلیا کے کسی بڑے گراؤنڈ میں بیٹھ کر ورلڈ کلاس فٹبال دیکھ رہے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے جس معیار کا کھیل پیش کیا، وہ دیر کی اسپورٹس تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
منتظمین نے اس موقع پر اعلان کیا کہ نائٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید دلچسپ مقابلے سامنے آئیں گے، اور عوام کو معیاری کھیل دیکھنے کا بہترین موقع فراہم کیا جائے گا۔