Search

ایشیاکپ: بھارتی ٹیم کو پاکستان کیخلاف کھیلنے کیلئے گرین سگنل مل گیا

Facebook
WhatsApp

کالمز

پاکستان

Facebook
WhatsApp

کراچی (ویب ڈیسک)بھارتی وزارتِ کھیل نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اب کسی نیوٹرل مقام پر بھی دو طرفہ کھیلوں کے مقابلے نہیں کھیلے جائیں گے، تاہم ایشیا کپ میں شرکت سے نہیں روکا جائےگا۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 آئندہ ماہ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، میگا ایونٹ میں 8 ایشیائی ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی جبکہ پاک-بھارت ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔

بھارتی نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق بھارتی وزارت کھیل کی اس غیر معمولی پالیسی کے تحت کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت سے نہیں روکا جائےگا کیونکہ اس ایونٹ میں دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

گزشتہ کئی برسوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی نے دو طرفہ کھیلوں کے مقابلوں پر اپنا اثر ڈالا ہے، جس کے باعث بڑے ٹورنامنٹس بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار رہے۔

دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں کھیلنے سے انکار کرتی رہی ہیں اور غیر جانبدار مقام پر ’ہائبرڈ ماڈل‘ کے تحت کھیلنے کو ترجیح دیتی رہی ہیں۔

گزشتہ ماہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے تمام قومی فیڈریشنز کو ہدایت دی تھی کہ بھارت میں ہونے والے کسی بھی کھیلوں کے ایونٹ میں شرکت سے پہلے ’سیکیورٹی خدشات‘ کے باعث پیشگی مشاورت اور منظوری لازمی لی جائے۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق بھارتی وزارتِ کھیل نے پاکستان سے متعلق اپنی نئی پالیسی کا اعلان بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کو مدنظر رکھتے ہوئےکیا۔

وزارت کے ایک باخبر ذرائع نے بتایا کہ اس پالیسی کے تحت بھارتی کھلاڑی پاکستان نہیں جائیں گے اور نہ ہی پاکستانی کھلاڑی بھارت آ سکیں گے، پالیسی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

پی ٹی آئی کے مطابق جب پوچھا گیا کہ کیا بھارتی ٹیمیں کسی کثیر الملکی ایونٹ کے لیے پاکستان جائیں گی، تو ذرائع نے کہا کہ ایسے معاملے میں کیس کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

پالیسی میں مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی اور کثیر فریقی ایونٹس کے معاملے میں، خواہ وہ بھارت میں ہوں یا بیرونِ ملک، ہم بین الاقوامی اسپورٹس باڈیز کے طریقہ کار اور اپنے کھلاڑیوں کے مفاد کو پیشِ نظر رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ 2023 میں بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا جس کے بعد ایشیائی ایونٹ کو ہائبرڈ ماڈل کے تحت سری لنکا اور پاکستان میں کروایا گیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کی تھی، تاہم 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم نے ایک بار پھر پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا سخت ردِ عمل دیکھتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 19 دسمبر 2024 کو ’ہائبرڈ ماڈل‘ کی منظوری دی، نئے ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی 2025 سے 2027 تک تمام ایونٹس ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

2028 کا ویمنز ٹی20 ورلڈکپ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاک-بھارت سیاسی کشیدگی کے بعد بھارت نے ایشیا کپ 2025 کے انعقاد میں بھی روکاوٹیں کھڑی کیں، تاہم ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی کی کوششوں سے نہ صرف کونسل کی سالانہ میٹنگ کا بنگلہ دیش میں کامیابی سے انعقاد ہوا بلکہ ایونٹ بھی اب بھارت کے بجائے نیوٹرل وینیو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلا جائے گا۔

Related Posts