Search

انڈیا ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں

Facebook
WhatsApp

کالمز

پاکستان

Facebook
WhatsApp

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فائنل میں انڈیا کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

جمعرات کے روز گیانا میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور انڈیا کی ٹیموں کے درمیان گیانا میں کھیلا گیا۔ بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ تاہم تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد ہونے والا ٹاس انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

میچ کے آغاز سے ہی انڈیا کی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ابھی 8 ہی اوورز کا میچ ہوا تھا کہ بارش کی وجہ سے میچ کو ایک مرتبہ پھر روکنا پڑا۔ جب میچ رُکا تو انڈیا کے 2 وکٹوں کے نقصان پر 65 رنز تھے۔ تاہم کُچھ ہی دیر کے بعد بارش کے رُک جانے پر پچ سے کوورز ہٹا دیے گیے اور میچ ایک مرتبہ پھر شروع ہوگیا۔

انگلینڈ کے خلاف انڈیا نے آغاز سے ہی تیز کھیلنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے اُسے آغاز میں ہی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ویرات کوہلی اس بار بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 9 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

ویراٹ کے بعد رشبھ پنت بیٹنگ کے لیے آئے مگر وہ بھی بڑا سکور نہ کرسکے اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے گئے۔ ایسے میں کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور وکٹ کے چاروں جانب اچھی شاٹس لگائیں۔

روہت شرما 57 اور سوریا کمار یادیو 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران انڈین کرکٹ ٹیم کی جانب سےجارحانہ حکمتِ عملی اپنائی گئی۔ سوریا اور شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاردک پانڈیا نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 23 رنز بنائے۔ وہ باؤنڈری پر کیچ آوٹ ہوئے۔ اُن کے بعد شیوم دوبے صفر اور اکشر پٹیل 10 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ جڈیجا 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے 3، عادل رشید، ٹوپلی، آرچر اور سام کُرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک 25 اور جوز بٹلر 23 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ جوفرا آرچر 21 اور لیام لیونگسٹن 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے معین علی 8، فل سالٹ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جونی بیئرسٹو صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ سیم کرن اور عادل رشید 2، 2 رنز ہی بناسکے۔

انڈیا کے اکشر پٹیل اور کلدیپ یادیو نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جسپریت بمرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اکشر پٹیل مین آف دی میچ قرار پائے۔

دوسرے سیمی فائنل میں بارش کی وجہ سے ٹاس میں تاخیر کے باوجود اوورز میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ انڈیا اور انگلینڈ کے سیمی فائنل میچ میں بارش کی پیشگوئی کے باوجود ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا تھا البتہ 250 منٹ یعنی 4 گھنٹے اور دس منٹ کا اضافی وقت مختص کیا گیا تھا۔

ریزرو ڈے نہ رکھنے کی وجہ یہ تھی کہ ایونٹ کا فائنل 29 جون کو ہونا ہے اور سیمی فائنل اور فائنل میچ کے دوران صرف ایک ہی دن کا وقفہ تھا جس کی وجہ سے آئی سی سی نے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا۔ کیونکہ اگر ایسا کیا جاتا تو ٹیموں کو لگاتار تین دن ایونٹ کے اہم ترین میچز کھیلنا پڑتے۔

Related Posts