آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم، کپتان جوز بٹلر کی قیادت میں لاہور پہنچ گئی۔ مختلف ممالک کی ٹیموں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے، اور انگلینڈ کا 31 رکنی دستہ، جس میں کھلاڑیوں اور اسٹاف سمیت شامل ہیں، دبئی کے راستے لاہور پہنچا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم اور منیجنگ ڈائریکٹر رابرٹ بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے گروپ میچز لاہور اور کراچی میں کھیلے گی۔ انگلینڈ کا پہلا میچ 22 فروری کو روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد انگلینڈ کا دوسرا میچ 26 فروری کو افغانستان کے خلاف لاہور میں ہوگا، جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان پہنچ چکی ہے، جو 14 رکنی دستے کے ساتھ کولمبو سے دبئی ہوتے ہوئے لاہور پہنچی۔ آسٹریلوی ٹیم اپنا پہلا میچ 22 فروری کو انگلینڈ کے خلاف لاہور میں کھیلے گی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے چند دن قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اچھی خبر آئی ہے۔ رائٹ آرم فاسٹ بولر حارث رؤف انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں اور وہ 19 فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ حارث رؤف حال ہی میں سہ فریقی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پٹھوں کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔