جامعہ پشاور میں پیر کی صبح آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی 2025 کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی ،جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قاضی اور مہمان سیکرٹری پبلک ہیلتھ دائود خان تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس بحر کرم اور پرووسٹ نورزادہ بھی موجود تھے ۔اس موقع پر بڑی تعداد میں طلباء و طالبات اور فیکلٹی نے تقریب میں شرکت کی۔
رونمائی کی تقریب کے موقع پر وی سی نے کہا کہ تقریب رونمائی جامعہ پشاور کیلئے اعزاز اور طلباء و طالبات کیلئے اس سال کا بہترین تحفہ ہے جبکہ بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے بعد اتنے بڑے ٹورنامنٹ کی میزبانی پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی کوششوں کا ثمر ہے جو کہ ان کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ رونمائی سے جامعہ پشاور کے طلباء و طالبات میں قومی ہم آہنگی ، یگانگت اور قومی تشخص کو تقویت دینے میں مدد ملے گی ، ایسے ایونٹ کرکٹ کے فروغ اور نئے کھلاڑیوں کیلئے مزید عزم و حوصلے بلند کرنے میں مددگار ثابت ہونگے ۔
اس موقع پر سیکرٹری پبلک ہیلتھ دائود خان نے چمپیئنز ٹرافی کے میچز کے ٹکٹوں کی پیشگی مکمل فروخت پر اطمینان کا اظہار کیااور کہا کہ میگا ٹورنامنٹ سے قبل ہی شائقین کا جوش و ولولہ قابل دید ہے ۔اس موقع پر انہوں نے کھیلوں کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کی مجوزہ پالیسی کے تحت ہر ضلع میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر اور کمپلیکس میں کھیلوں کو جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کو دہرایا ۔